کرس لین پی ایس ایل سے آﺅٹ

لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹسمین کرس لین فٹنس مسائل کے باعث پی ایس ایل سے آﺅٹ ہو گئے۔

کرس لین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں راس ٹیلر کی شاٹ پر ڈائیو لگا کر گیند روکنے کی کوشش کررہے تھے کہ دایاں بازو زور دار انداز میں زمین سے ٹکرانے کی وجہ سے ان کا کندھا اتر گیا تھا، گرچہ ایکسرے میں ہڈی کی کوئی بڑی انجری ظاہر نہیں ہوئی تھی لیکن وہ پی ایس ایل میں شرکت کیلیے دبئی جانے کی بجائے برسبین واپس چلے گئے جہاں ان کا اسکین ہوا۔

لاہور قلندرز کی منیجمنٹ پرامید تھی کہ کرس لین کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں اور وہ دوسرے مرحلے میں ٹیم کو جوائن کر سکیں گے اور اس لئے قلندرز نے کوئی متبادل بھی طلب نہیں کیا تھا۔ تاہم اب اسکین رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل نہیں کھیل پائیں گے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کے متبادل کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرس لین آئی پی ایل کیلیے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم میں بھی شامل ہیں۔

Leave a Reply