نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دروازے کھول دیئے گئے، شائقین کی آمد شروع

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا فائنل آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا جس کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دروازے کھول دیے گئے ہیں اور شائقین کی آمد شروع ہوگئی ہے۔

پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے لیے 9 سال 3 ماہ بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں 34 ہزار 850 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسٹیڈیم کی طرف آنے والی تمام شاہراہیں دلہن کی طرح سجی ہوئی ہیں جب کہ بڑے ٹاکرے کے لئے سیکیورٹی کی بھی بڑی تیاریاں کی گئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں صرف کچھ وقت باقی رہ گیا ہے لاہور کے بعد شہر قائد کو بھی دلہن کی طرح سجادیا گیا ہے، اسٹیڈیم میں آج 9 سال بعد کرکٹ کے عالمی ستارے جگمگائیں گے۔ فائنل میں آمنے سامنے آنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ اورپشاورزلمی نے نیشنل اسٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کے لئے بھر پور پریکٹس کی۔

ملک کے معاشی حب میں کرکٹ کا میلہ سجا، تو کاروبارمیں بھی تیزی آگئی، ملک اور بیرون ملک سے شائقین کرکٹ کی کراچی آمد جاری ہے، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسز کے کرایوں میں 20 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ فائنلسٹ ٹیموں کی شرٹس ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہیں۔

پی ایس ایل کے بڑے ٹاکرے کیلئے سیکیورٹی کی بھی بڑی تیاریاں کی گئی ہیں، ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رینجرز اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ڈیوٹی پر ہوں گے اور پاک فوج کے جوان کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر اسٹینڈ بائی رہیں گے جب کہ کرکٹ شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے شٹل سروس چلائی جارہی ہے۔ اس مقصد کے لئے 200 بسیں استعمال کی جارہی ہیں۔

بڑے مقابلے کی بڑی تیاریوں کی گئی ہیں، مختلف علاقوں کوجھنڈوں اور رنگ برنگی لائٹس سے سجادیا گیا، اسٹیڈیم کے راستوں پرٹیموں کوخوش آمدید کہنے کے لئے ہورڈنگز اوراستقبالیہ بینرزلگ گئے۔ سڑکوں اورچورنگیوں پررنگ ونورکی بہارآگئی، گرین بیلٹس پر کھلاڑیوں کی بڑی تصاویر اور ڈیجیٹل پول سائن نے شہرکاحسن بڑھادیا۔ حسن اسکوائر، شارع فیصل، بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال اور یونیورسٹی پرروڈ پر کرکٹ کے رنگ نمایاں ہیں، جن کودیکھنےدور دورسےلوگ آرہے ہیں۔

انتظامیہ نے نیشنل اسٹیڈیم پہنچنے کے لئے روٹ پلان دے دیا ہے جس کے تحت صبح 11 بجے سے اسٹیڈیم کی اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق پی ایس ایل فائنل کے موقع پر شارع فیصل سے کار ساز روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔ نیو ٹاؤن سے اسٹیڈیم جانے والی شارع بھی عام ٹریفک کے لیے بند ہے، میلینئم مال عسکری چورنگی سے ڈالمیا روڈ بھی عام ٹریفک کے لیے بند ہے اور لیاقت آباد 10 نمبر سے اسٹیڈیم جانے والی شارع بھی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل میچ کے اختتام تک شہری متبادل راستے اختیار کریں جب کہ پارکنگ کے لیے بنائے گئے مخصوص ایریاز پر صرف وہ ہی شہری آسکیں گے جن کے پاس میچ کا ٹکٹ ہوگا، پارکنگ لاٹس پر آنے کے بعد شہریوں کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم کے قریب تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a Reply